Thursday 20 October 2016

ہم بدلتے ہیں رخ ہواوں کا ، آئے دنیا ہمارے ساتھ چلے

ہم بدلتے ہیں رخ ہواوں کا ، آئے دنیا ہمارے ساتھ چلے
ڈاکٹرسلیم خان
نریندر مودی کی سرکار نے مسلمانوں پر یہ احسان ضرور کیا کہ  شریعت کے چھتے میں تین طلاق کے پتھر ماردئیے۔ اردو اخبارات گواہ ہیں کہ امت پھر ایک بار بیدار ہوچکی ہے  ایسے میں ملت کے  ایک ہمدردنےواٹس ایپ پر یہ پیغام بھیجا کہ جس قدر محنت ہم شریعت کے تحفظ کی خاطر کرتے ہیں  اگر اس کا عشر عشیر بھی عملدرآمد کیلئے کریں تو شاید کوئی  مداخلت کی جرأت ہی نہیں کرے۔ یہ حقیقت ہے کہ جتنی  فکر ہمیں شریعت بچانے کی ہوتی ویسی گرمجوشی  شریعت کی پیروی   میں نہیں نظر آتی ۔ اس کی وجوہات کی جانب اگر توجہ نہ دی جائے تو یہ شکایت باقی رہے گی۔ پہلی وجہ تو شاید یہ ہے کہ قانون تبدیل کردینا یا اسے تبدیل ہونے سےروک دینا جس قدر سہل ہے خود اپنے آپ کو اس میں ڈھال لینا  اتنا آسان نہیں ہے بقول اقبال؎
مسجد تو بنا دی شب بھر میں ایماں کی حرارت والوں نے من اپنا پرانا پاپی ہے برسوں میں نمازی بن نہ سکا
دوسری وجہ یہ ہے کہ احتجاج کی شکلیں بہت واضح ہوتی ہیں مثلاً کوئی مضمون لکھنایا سوشیل میڈیا کیلئے کوئی  مختصرفکاہیہ لکھ کر پھیلا دینا  جس کو بیشتر وہی لوگ پڑھ کر خوش ہوتے ہیں جو اتفاق کرتے ہیں ۔ اختلاف کرنے والوں تک رسائی کم ہی ہوتی  اس لئے کہ زیادہ  ترتحریریں اردو میں ہوتی ہیں جس کو صرف مسلمان پڑھتے ہیں۔ ہندی اور انگریزی میں بھی لکھا جاتا ہےمگر  اس کا لب ولہجہ مخالفین کی دلآزاری  کرنے والا زیادہ اور  دل جیتنے والا   کم ہوتا  ہے (الاّماشااللہ)۔ ہم بھول جاتے ہیں کے سارے غیر مسلم ہمارے دشمن نہیں ہیں ۔ جتنے ہمارے خلاف ہیں اتنے ہی سنگھ کے بھی خلاف ہیں ۔ ان دونوں کے درمیان ایک معتدل  طبقہ نہ  کسی کامواقف ہے نہ مخالف ۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ ہمارے پیغامات سے یہ معتدل ہمارا حامی بن جاتا ہے یا مخالفت پر آمادہ ہوجاتا ہے ساتھ ہی دیگر لوگوں پر اس کا کیا اثر ہوتا ہے ؟  شریعت پر لگائےجانے والے اوٹ پٹانگ الزامات کے جواب میں ویسے الزامات لگا دینے  سے یہی تاثر جاتا ہے کہ خواتین کے حقوق کی پامالی میں  دوسرے ہم سے آگے  ہیں لیکن یہ ثابت نہیں ہوتا  کہ شریعت اسلامی  مبنی برانصاف ہے ۔  اس طرح اسلام کی دعوت پیش کرنے کا ایک  نادر موقع ہاتھ سے نکل جاتاہے ۔
تیسری وجہ یہ ہے کہ تحفظ شریعت تحریک میں  عملی شرکت بہت واضح ہوتی ہے مثلاً کسی احتجاجی جلسے میں شریک ہوکر تقریر سننا یا کرنا ۔ کسی مظاہرے میں شامل ہوکر نعرے لگانا  یا دستخطی مہم چلانا وغیرہ ۔ اس میں شک نہیں کی یہ نہایت اہم اور ضروری سرگرمیاں   ہیں جن کا دنیا اور آخرت میں  فائدہ مسلم ّ ہے ۔ ان کیلئے درکاروقت اور محنت  کی قربانی کا اندازہ لگا کر بخوشی پیش کردینا مشکل نہیں  ہے لیکن  عملدرآمد میں آمادگی کی کمی کے سبب شرعی احکامات  کی ضروری  معلومات حاصل کرکے اسےاپنی زندگی پر  نافذ کرنا مشکل لگتا  ہے ۔ جلسے جلوس میں دوسروں  دیکھا دیکھی  وہی سب خود بھی  کرنا نہایت سہل ہوتا ہے لیکن اپنے  منفرد مسائل کوحل کرنے کے لئے شریعت  سے رجوع کرکے ان احکامات کی بجاآوری دقت طلب  لگتی  ہے ۔
آخری وجہ یہ ہے کہ بدقسمتی  سے ہمارے معاشرے کا دھارا شریعت کے خلاف بہہ رہا ہے اس  لئےشریعت  سے محبت  کرنے والا بھی  ہوا کے رخ پر اس کے مخالف سمت میں چل پڑتاہے ۔ عام آدمی  دریا کے بہاو کے خلاف تیرنے  کا حوصلہ نہیں رکھتاوہ  بہاو کے ساتھ بہنے میں عافیت سمجھتا ہے ۔  اس وقت ضرورت ہوا کے رخ کو  موڑ کر ایسا ماحول بنانے کی ہےکہ جس میں شریعت کی روگردانی مشکل ہوجائے اور یہ ہدف ناممکن نہیں ہے ۔ ہماری نسل گواہ ہے کہ جب نماز کی جانب توجہ کی گئی تو بلا تفریق ِ مسلک  مساجد آباد ہوگئیں ۔ یہی کامیابی حجاب کے محاذ پر بھی ملی پہلے اعلیٰ تعلیم گاہوں میں شاذونادر ہی کوئی طالبہ برقع میں نظر آتی تھی  لیکن مسلم طالبات نےاب  بڑے اعتماد کےساتھ اپنے شعائر و لباس کا لوہا منوالیا ہے۔یہ برضا و رغبت آنے والی محدود کامیابی   اگر مکمل  شریعت کے نفاذ تک وسیع ہوجائے تو   وقت کا دھارا بدل سکتا ہے۰۰۰۰۰ اور بدلے گا ۰۰۰۰۰ان شاء اللہ   ۔

No comments:

Post a Comment